پاکستان مخالف فلم کی نمائش کی اجازت نہیں! جانیں کون کون سے ممالک نے بھارتی فلم دھرندر پر پابندی لگا دی

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی جاسوسی تھرلر فلم دھرندر کو چھ خلیجی ممالک (بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات) نے پاکستان مخالف مواد کی وجہ سے نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ فلم میں اکشے کھنہ پر فلمایا گیا بحرینی زبان کا ایک گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔

خلیجی ممالک کی جانب سے پابندی کے فیصلے نے سوشل میڈیا اور فلم انڈسٹری میں بحث کو جنم دے دیا ہے۔ بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سنسر بورڈز نے فلم کا جائزہ لینے کے بعد اسے پاکستان مخالف نوعیت کی وجہ سے بین کر دیا۔

دھرندر ادتیہ ڈھر کی ہدایت کاری میں بنی جاسوسی تھرلر فلم ہے، جس میں رن ویر سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم پاکستان کے شہر کراچی کے لیاری علاقے میں ایک بھارتی جاسوس کی کہانی بیان کرتی ہے جو دہشتگردی کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم میں لیاری کو پاکستان میں دہشت گردی کا مرکز دکھایا گیا ہے اور اس میں ایسے کردار شامل ہیں جو پاکستانی سیاست اور سیکیورٹی کے کرداروں سے متعلق ہیں۔ فلم میں ارجن رامپال، سنجے دت اور اکشے کھنہ بھی اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک نے فلم کے بیانیے کو پاکستان مخالف قرار دیتے ہوئے اسے وہاں نمائش کی اجازت دینے سے انکار کیا حالانکہ فلم سازوں نے اس کی منظوری کے لیے بھرپور کوشش کی۔ فلم کی ٹیم نے اب تک اس بین پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی ناظرین کی جانب سے مخلوط ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے بین کی حمایت کی جبکہ دیگر نے فلم کو تفریحی مواد قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گلف میں فلم کی نمائش نہ ہونے سے نہ صرف بین الاقوامی ریلیز شیڈول متاثر ہوا ہے بلکہ باکس آفس پر بھی ممکنہ مالی نقصان کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ یہ خطہ بھارتی فلموں کے لیے روایتی طور پر ایک مضبوط مارکیٹ رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی بھارتی فلم کو گلف ممالک میں حساس مواد کی وجہ سے ریلیز سے روکا گیا ماضی میں بھی پاکستان سے متعلق حساس موضوعات والی فلمیں وہاں سینما گھروں تک نہیں پہنچ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert