کوئٹہ کے مسائل کا حل مخلص قیادت میں ہے، بلدیاتی الیکشن میں عوام کو واضح فیصلہ سنانا ہوگا: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پارٹی کے نامزد امیدوار عوام کے حقیقی مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور پارٹی ہمیشہ عوام کے درمیان رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چئیرمین عبدالخالق ہزارہ، نائب چئیرمین اول مرزا حسین ہزارہ، نائب چئیرمین عزیزاللہ ہزارہ، جنرل سکریٹری احمد علی کوہزاد، ڈپٹی سکریٹری محمد رضا ہزارہ، سکریٹری اطلاعات قادر علی نائل، سکریٹری مالیات یونس چنگیزی، سکریٹری آرگنائزنگ غلام رضا ہزارہ، محترمہ سیما بتول، محترمہ عاطفہ صادق، محترمہ آصفہ، فاطمہ گل، ضلعی کونسل کے عہدیداران اور پارٹی کے نامزد امیدواران برائے چلتن ٹاون و زرغون ٹاون نے انتخابی دفاتر کے افتتاح اور مختلف کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رہنماوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نالیاں بند، شہری گیس و بجلی کے مسائل، بیروزگاری، مہنگائی اور غربت شہریوں کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے مخلص اور عوام دوست قیادت کی ضرورت ہے۔ کوئٹہ شہر اور صوبہ کئی دہائیوں سے مختلف تجربات کا مرکز رہے ہیں اور اب عوام کو تبدیلی لانا ہوگی۔ شہر کی بحالی، تعمیر و ترقی کے لیے واضح وژن کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ڈی پی کی سابقہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور عوام پارٹی کے نامزد امیدواروں کو واضح اکثریت کے ساتھ منتخب کرکے کوئٹہ شہر کی تعمیر کی ذمہ داری سونپیں گے۔ رہنماوں نے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے عوام کی بھرپور شرکت اور حمایت کو نیک شگون قرار دیا۔
