سوشل میڈیا بے لگام ہوچکا، جھوٹ اور کردار کشی اب برداشت نہیں کریں گے: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
بلوچستان میں سوشل میڈیا کیلئے قانون سازی کا مطالبہ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بے بنیاد پروپیگنڈے اور اراکینِ اسمبلی کی کردار کشی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا بے لگام ہو چکا ہے جہاں نام نہاد “بلوچستان لیکس” اور دیگر جعلی خبروں کے ذریعے شریف شہریوں اور منتخب نمائندوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں جو کہ ناقابلِ برداشت ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیاستدان ہر پانچ سال بعد عوام کے سامنے احتساب کیلئے پیش ہوتے ہیں

اور ہم احتساب سے نہیں ڈرتے، لیکن احتساب اور کردار کشی میں فرق ہے؛ جھوٹ اور فیک نیوز کے ذریعے عزت اچھالنے والوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ایوان کو تجویز دی کہ سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے فوری طور پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے اور ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کے ذریعے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے چند افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ یہ سلسلہ رک سکے، اس حوالے سے حکومت ایوان کے ہر فیصلے کی مکمل حمایت کرے گی۔
