كراچي‘رینجرز اور ایس آئی یو پولیس كي خفیہ معلومات کی بنیاد پرضلع سینٹرل اور سٹی ساؤتھ ميں مشترکہ کارروائی ‘7ملزمان گرفتار


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کر تے ہوئے کراچی کے علاقوں ضلع سینٹرل اور سٹی ساؤتھ سے بھتہ خوری میں ملوث جمیل چھانگا اور صمد کاٹھیاواڑی گروپ سے تعلق رکھنے والے7 ملزمان پرویز عرف پوا، اصغر علی، شکیل احمد عرف کامریڈ، فیضان عرف لمبو اور محمد زبیر عرف چھوٹو کو زخمی حالت میں جبکہ محمد صابراور محمد عمر عرف افشانی بلوچ کوبھی گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا، اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے کہنے پر مختلف فیکٹری مالکان، دوکانداروں، بلڈروں کے زیر تعمیر پراجیکٹ اور ریسٹورنٹس کو بھتہ کی پرچی دینے اور بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرنے اورخوف وہراس پھیلانے میں ملوث ہیں۔
ملزمان نے اکتوبر 2025 میں ناظم آباد میں واقع جدہ باربی کیو فاسٹ فوڈ شاپ پر بھتہ نہ دینے کی وجہ سے فائرنگ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان بھتہ سے وصول شدہ رقم بیرون ملک مقیم سرغنہ جمیل چھانگا، صمد کاٹھیاواڑی اور اسامہ جمیل کو غیر قانونی طریقے سے بجھواتے تھے۔
ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری اور اقدام قتل کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert