کوئٹہ کو 13 سال تک مفلوج رکھا گیا، بلدیاتی ادارے بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: پشتونخوا میپ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں وہی جماعتیں رکاوٹ ہیں جنہوں نے 13سال تک کوئٹہ میٹرپولیٹن کارپوریشن کوبغیر عوامی نمائندے ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے تباہی وبربادی سے دوچار کیا، آج میٹروپولیٹن کارپوریشن مفلوج ہوچکا ہے،سینکڑوں ملازمین کو برطرف کرنے کے بعد بھی ملازمین کے لیے تنخواہیں موجود نہیں، شہر میں صفائی کا نظام نجی کمپنی کے تحت کیا جارہا ہے وہ بھی ناکامی سے دوچار ہیں، گلی محلے کی سطح پر عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ضروری ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بحال وفعال بناکر نچلی سطح پر عوام کے مسائل کو حل کیا جائے اورعوام کے حقیقی نمائندوں کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ جمہوری حق رائے دہی کے لیے استعمال کے لیے عوام کو جمہوری ماحول فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نظام عسکر، سردار ادریس بڑیچ، حضرت عمر ایڈووکیٹ ودیگر صوبائی، ضلعی ایگزیکٹیوز، تحصیل و علاقائی رہنماں نے 28دسمبر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابا ت کے سلسلے میں انتخابی مہم کے دوران انتخابی دفاتر کے افتتاحی تقاریب، عوامی اولسی جرگوں، کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں اور پارٹی اپنے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے عوام کے حقیقی نمائندوں کے ذریعے تمام تر اقدامات اٹھائیگی۔
