سرمایہ داروں کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں، مقامی تعلیمی ادارے سہولیات سے محروم ہیں: مولانا ہدایت الرحمان

اسلامی جمعیت طلبہ باکردار قیادت تیار کر رہی ہے، پرامن جدوجہد شعار بنائی جائے: یوم تاسیس سے خطاب


کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ طلبہ برادری ہر سطح پر ظلم، جبر اور لا قانونیت کے نظام کے خلاف تشدد کے بجائے پرامن جدوجہد کو اپنا شعار بنائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ماضی میں جبر و آمریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے قربانیاں دیں اور شہدا پیش کیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائنس کالج ہال میں اسلامی جمعیت طلبہ کے 79ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، کیونکہ سرمایہ دار، سردار، نواب اور اسٹیبلشمنٹ کے بچے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اسی لیے مقامی تعلیمی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ منشیات، بے راہ روی اور دیگر برائیوں سے پاک، باصلاحیت اور باکردار نوجوان تیار کر رہی ہے اور ہماری قبائلی روایات، حیا، کردار، غیرت اور حمیت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں اسلامی جمعیت طلبہ فعال ہوتی ہے وہاں بہتر دینی و تعلیمی ماحول میسر ہوتا ہے اور طالبات کی عزت و تحفظ یقینی بنتا ہے۔تقریب سے بلوچستان پروفیسرز و لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقدوس کاکڑ، باز محمد فانڈیشن کے ڈاکٹر لال خان کاکڑ، جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، پروفیسر سید امان اللہ شادیزئی، اسلامی جمعیت طلبہ کے اخوندزادہ عطاالرحمان، احمد شاہ غازی اور سکندر علی نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اسلامی جمعیت طلبہ کی 79 سالہ تعلیمی، اخلاقی اور تربیتی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ علم، کردار اور خدمت کے اصولوں پر طلبہ کی رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دینی اقدار کے ساتھ جدید علوم بھی حاصل کریں اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک و ملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert