پولیس ملازمین کے بچوں کو جدید تعلیم دیں گے، پولیس گرائمر سکول کسی نجی ادارے سے کم نہیں ہوگا: آئی جی محمد طاہر خان

اے لیول اور او لیول پروگرام شروع ہوں گے، اساتذہ کی تربیت اور نئی لیبز کے احکامات جاری: دورے کے موقع پر گفتگو


کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ، معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کے لئے پولیس گرائمر سکول پولیس لائن میں نئے تعلیمی سال سے قبل نئے کلاس رومز، سائنس، کمپیوٹر لیب اور پلے گروپ کیلئے جدید سہولیات اور سازو سامان فراہم کرکے اساتذہ کو جدید تدریسی نظام کے حوالے تربیت فراہم کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں پولیس گرائمر سکول کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آفیسران اور سکول پرنسپل سمیت دیگر اسٹاف بھی موجود تھا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے پولیس آفیسران اور ملازمین کے بچوں کو جدید دور کے تقاضو ں کے مطابق جدید علوم سے روشناس کرنے کیلئے پولیس گرائمر سکول کے استعداد کار کو بہتر بنانے اور بڑھانے کیلئے نئے کلاس رومز، سائنس، کمپیوٹر لیب اور پلے گروپ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال سے قبل مذکورہ سکول میں یہ تمام اقدامات اٹھائے لئے جائیں گے تاکہ پولیس گرائمر سکول کا تعلیمی معیار کسی بھی۔معیاری نجی تعلیمی ادارے سے کم نہیں ہوگا۔ پولس گرائمر سکول کی تنظیم نو کی جارہی ہے تاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے اسے سہولیات دے رہے ہیں اور پولیس گرائمر سکول کے نئی تعمیر ہونے والے عمارت میں نئے تعلیمی سال کے آغاز میں انتظامی اور تدریسی عمل کی نگرانی کو بہتر بناتے ہوئے طلباء کی گنجائش میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ پولیس گرائمر سکول کی نظم و ضبط، انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی ترقیوں فلاح و بہبود سے متعلق بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اسی طرح ہر کلاس روم میں ماہر اساتذہ کو مختص کیا جائے گا تاکہ بچوں کو بہتر تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جاسکے۔پولیس گرائمر سکول میں اے لیول اور او لیول پروگرام شروع کیے جارہے ہیں۔جبکہ غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں، تقریری مقابلوں کا باقاعدگی سے آغاز ہوگا یہ تمام اقدامات پولیس گرائمر سکول کو بلوچستان کے بہترین تعلیمی اداروں کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert