مسلم اتحاد کالونی سانحہ: نصراللہ زیرے کے ایکشن پر غیر قانونی واٹر سپلائی سیل، ٹراما سینٹر میں زخمیوں کی عیادت، شہر بھر میں آپریشن کا مطالبہ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، چیئرمین سلام خان بڑیچ، حاجی لعل محمد بڑیچ اور ڈاکٹر حیات بڑیچ نے مسلم اتحاد کالونی میں غیر قانونی واٹر سپلائی اسکیم کے ناقص انتظامات اور پلاسٹک نما ٹینکر کے پھٹنے کے نتیجے میں پیش آنے والے المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ رہنماؤں نے اس افسوسناک سانحے میں ایک معصوم بچی کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔

پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور دیگر رہنماؤں نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سول و پولیس انتظامیہ کے ذمہ دار افسران سے براہِ راست رابطہ کیا۔ ان کی مداخلت پر انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف اقدامات کیے اور آبادی کے اندر قائم غیر قانونی واٹر سپلائی اسکیم کو فوری طور پر سیل کر دیا۔
بعد ازاں نصراللہ خان زیرے نے ٹراما سینٹر کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت کی، جہاں متعلقہ ڈاکٹروں نے انہیں زخمیوں کی حالت، جاری علاج اور طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کا علاج تسلی بخش انداز میں جاری ہے اور تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر زخمیوں کے عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ شہر کی حدود میں قائم تمام واٹر سپلائی اسکیموں کی جامع تکنیکی جانچ، معیاری اور منظور شدہ مواد کے استعمال، باقاعدہ رجسٹریشن، حفاظتی معیارات کی پابندی اور مستقل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آبادیوں کے اندر غیر قانونی اور غیر محفوظ واٹر سپلائی نظاموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو۔

عوامی حلقوں اور علاقہ مکینوں نے سابق ایم پی اے نصراللہ خان زیرے کی بروقت جائے وقوعہ پر موجودگی، متعلقہ حکام کو فوری طور پر آگاہ کرنے اور زخمیوں کی عیادت کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت اور ذمہ دار قیادت کی واضح مثال قرار دیا۔
