بلوچستان میں مذہبی مقامات کی ترقی و بحالی حکومتی سرپرستی میں یقینی بنائی جائے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی اقلیتی وفد سے بات چیت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کے مذہبی مقامات کی ترقی و بحالی حکومتی سرپرستی میں یقینی بنائی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور حکومت اقلیتی برادریوں کے مذہبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں منگل کو یہاں سینیٹر دنیش کمار کی سربراہی میں ملنے والے اقلیتی برادری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ملاقات میں ہنگلاج ماتا مندر کے ماسٹر پلان، جاری و مجوزہ تعمیراتی منصوبوں اور اراضی کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہنگلاج ماتا مندر کے زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام منظور شدہ فنڈز کے فوری اجراء اور درکار اراضی کی جلد فراہمی کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سینیٹر دینش کمار، رکن صوبائی اسمبلی سنجے کمار، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر، سیکرٹری جنگلات عبد الفتح بھنگر، ہنگلاج ماتا مندر کے لیے قائم کمیٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اقلیتی وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو چیف آف بگٹی کی دستار بندی پر مبارکباد دی پھول پیش کئے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert