اپوزیشن محمود خان اچکزئی کو نامزد کرے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، مذاکرات صرف اخباروں تک محدود ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت کو محمود خان اچکزئی یا کسی بھی فرد پر کوئی اعتراض نہیں، اپوزیشن جسے بھی نامزد کرے گی ہم اسے تسلیم کریں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میرے خیال میں مذاکرات کی باتیں فی الحال صرف اخباری بیانات تک محدود ہیں اور سنجیدہ مذاکرات پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اپوزیشن محمود خان اچکزئی کو منتخب کرتی ہے تو نام سامنے لائے، جس کے بعد اسپیکر کی صوابدید ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر کے نام کو منظور کریں، ہمیں اس معاملے میں زیادہ تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جو کشیدگی نظر آتی ہے وہ میٹنگز میں نہیں ہوتی۔
