خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن میں تیزی، الیکشن کمیشن اور نادرا کا مشترکہ ایکشن پلان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )خواتین کے قومی شناختی کارڈ کے اجرا اور ووٹر رجسٹریشن مہم کے پانچویں مرحلے کے حوالے سے ایک تربیتی پروگرام صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے کی۔پروگرام میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید وسیم احمد جعفری، ڈائریکٹر الیکشنز عبداللہ، ریجنل الیکشن کمشنرز ژوب، کوئٹہ، سبی/نصیرآباد اور قلات ڈویژنز، ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر اینڈ سوشل انکلیوژن شبیر خان، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور نادرا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے اپنے کلمات میں INVR-V کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مہم کا بنیادی مقصد مرد و خواتین ووٹرز کے درمیان صنفی فرق کو کم کرنا اور خواتین میں قومی شناختی کارڈ و ووٹر رجسٹریشن کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے 8 اضلاع میں خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کو نادرا کے اشتراک سے مزید مثر بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ جہاں خواتین کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہیں وہاں نادرا کی موبائل رجسٹریشن گاڑی کی سہولت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر الیکشنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر اینڈ سوشل انکلیوژن نے صنفی فرق سے متعلق اعداد و شمار اور عملی حکمت عملی پر تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے تجاویز پیش کیں اور نادرا کے حکام نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی الیکشن کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ مہم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے۔

WhatsApp
Get Alert