درۂ تیراہ میں آپریشن اور سخت سردی میں ہزاروں افراد کی جبری بے دخلی انسانیت سوز اقدام ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی پریس ریلیز میں خیبر پختونخوا کے تاریخی درۂ تیراہ میں پنجاب کے استعماری حکمرانوں کی جانب سے جاری آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سخت سردی اور برف باری کے موسم میں جبری بے دخلی اور زبردستی انخلا ایک سنگین اور غیر انسانی اقدام ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے استعماری اداروں اور ان کی ناروا پالیسیوں کے باعث آج پشتونخوا وطن آگ اور خون میں جل رہا ہے۔ ان دہشت گردوں کو خود ملک کے استعماری حکمرانوں نے وسطی پشتونخوا میں بسایا، انہیں کھلی چھوٹ دی گئی، اور آج انہی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بہانے درۂ تیراہ سے ہزاروں افراد کو سخت سردی اور برف باری کے شدید موسم میں زبردستی بے دخل کیا جا رہا ہے، جو کہ ایک انسانیت سوز اقدام ہے۔ بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے یہ صورتحال قیامتِ صغریٰ سے کم نہیں۔ پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ درۂ تیراہ کے عوام کے خلاف جاری آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے اور جبری بے دخلی کا سلسلہ فی الفور روکا جائے۔
