نادرا نے پاکستان کے پہلے بَگ باؤنٹی چیلنج کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں پہلے بَگ باؤنٹی چیلنج کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس مقابلے میں طلبہ اور سائبر سیکیورٹی ماہرین مختلف ٹیموں کی شکل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس دوران شرکاء کو سائبر سیکیورٹی کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور ان کا تجزیاتی جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
رپورٹس کے مطابق، بگ باؤنٹی چیلنج کا مقصد جدید سائبر سیکیورٹی کی مہارت کو فروغ دینا اور ساتھ ہی قومی ڈیجیٹل شناختی نظام پر شہریوں کے اعتماد کو مضبوط کرنا ہے۔
علاقائی سطح پر مقابلے 27 جنوری سے مختلف شہروں میں شروع ہوں گے، جن میں صوابی، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ شامل ہیں۔
بَگ باؤنٹی چیلنج 2026 کی اختتامی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جس کی حتمی تاریخ بعد میں متعین کی جائے گی۔
