یکم فروری کا جلسہ کراچی کے پشتونوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، سندھ پولیس کا رویہ متعصبانہ ہے: پشتونخوا نیپ رہنماؤں کا خطاب

کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکا جی، مرکزی سیکریٹری عیسیٰ افغان، صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر افضل خان وطن یار، ضلع غربی کے سیکریٹری متین خان بادیزی، صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری سید رفیع اللہ آغا، جنوبی پشتونخوا کے آفس سیکریٹری ندا سنگر، نصیب اللہ کلیوال، حاجی خان اچکزئی، خلیل آغا اور نصرت آغا نے بنارس (ضلع غربی) اور پشتونخوا نیپ ضلع ملیر میں منعقدہ ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم فروری کو کراچی کے علاقے صدر میں منعقد ہونے والا جلسۂ عام سندھ بالخصوص کراچی کے غیور پشتون عوام کی سیاسی، معاشی اور روزمرہ زندگی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس جلسۂ عام سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے، جو پشتون عوام کے مسائل، حقوق اور درپیش چیلنجز پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ رہنماؤں نے کراچی اور حیدرآباد کے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ 30 جنوری کو حیدرآباد ہلہ ناکہ اور یکم فروری کو ایمپریس مارکیٹ صدر کراچی میں ہونے والے جلسۂ عام میں بھرپور شرکت کر کے اپنی قومی اور جمہوری ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ مقررین نے کہا کہ پشتون اس ملک میں ایک برابر اور باوقار قوم کی حیثیت سے زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی حقوق کے حقدار ہیں، کیونکہ یہ ملک پشتونخوا وطن کے بیش بہا قدرتی وسائل، دریاؤں، معدنیات، جنگلات اور دیگر نایاب و قیمتی وسائل سے ترقی کر رہا ہے، مگر اس کے باوجود پشتون عوام کو ملک کے مختلف حصوں بالخصوص کراچی، حیدرآباد اور اندرونِ سندھ میں شدید معاشی بدحالی، عدم تحفظ اور ناانصافی کا سامنا ہے، جو کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ سندھ میں آباد پشتون عوام کے حقوق اور اختیارات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، انہیں ان کے شہری حقوق فراہم کرے، اور اسمبلیوں میں ان کی آبادی کے تناسب سے حلقہ بندیاں یقینی بنائے۔ اسی طرح سرکاری و نجی شعبے میں نوکریوں اور روزگار کے مواقع بھی پشتون عوام کو ان کی آبادی کے مطابق فراہم کیے جائیں۔ رہنماؤں نے سندھ پولیس کے طرزِ عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا رویہ پشتون عوام کے ساتھ انتہائی متعصبانہ ہے اور انہیں اپنے جائز اور قانونی کاروبار تک کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی اور سندھ پولیس فوری طور پر پشتون عوام کے ساتھ اپنا رویہ درست کرے، تاکہ وہ پرامن اور باعزت شہریوں کی طرح اپنی زندگی بسر کر سکیں۔
