کلی عمر افغان کالونی میں شدید لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج، شہری مشکلات کا شکار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کلی عمر افغان کالونی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں شدید کمی بیشی نے عوام کو سخت مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کا روزمرہ نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، جبکہ کم وولٹیج کی وجہ سے گھریلو برقی آلات بھی ناقابل استعمال ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کلی عمر افغان کالونی میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہنا معمول بن گیا ہے۔ جب بجلی آتی بھی ہے تو وولٹیج اتنا کم ہوتا ہے کہ پنکھے، فریج اور دیگر ضروری برقی آلات صحیح طور پر کام نہیں کر پاتے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور گرمی کے موسم میں بجلی کی عدم دستیابی نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق بارہا متعلقہ حکام کو شکایات درج کروائی گئیں لیکن تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی باقاعدہ شیڈول موجود نہیں، جس کے باعث کاروباری افراد، طلبہ اور گھریلو خواتین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کم وولٹیج کی وجہ سے قیمتی برقی آلات جلنے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں، جس سے صارفین کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے کیسکو اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کلی عمر افغان کالونی میں بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے، لوڈشیڈنگ کا منصفانہ نظام متعارف کروایا جائے اور وولٹیج کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert