عمران خان کی بینائی سے متعلق تشویشناک صورتحال، فوری اور شفاف طبی سہولیات فراہم کی جائیں: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں تحریک انصاف کے بانی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم Imran Khan کی بینائی کی ابتر اور تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں دورانِ قید ملک کی ایک بڑی اور مقبول عوامی سیاسی جماعت کے قائد کے ساتھ اس نوعیت کا رویہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے بھی منافی ہے۔ پارٹی نے زور دیا کہ کسی بھی قیدی، بالخصوص ایک قومی سطح کے سیاسی رہنما کی جان اور صحت کا تحفظ ریاست کی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آئینِ پاکستان اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصول اس بات کے متقاضی ہیں کہ زیرِ حراست افراد کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہ کی جائے۔ پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بینائی کے علاج میں مبینہ طور پر مجرمانہ غفلت برتی گئی، جو انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ قبول ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ اگر کسی بھی قیدی کی صحت کو نظر انداز کیا جائے تو یہ قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر کسی بھی رہنما کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھنا کسی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی بینائی کو نقصان پہنچنے کی خبر سے ملک بھر میں اضطراب اور بے چینی کی فضا پیدا ہوئی ہے اور عوام، سیاسی کارکنان اور جمہوری قوتیں شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ انہیں فوری طور پر اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مستند ماہرینِ امراضِ چشم سے مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تمام معاملات میں شفافیت اختیار کی جائے، ان کی میڈیکل رپورٹس عوام کے سامنے لائی جائیں اور اگر ضرورت ہو تو انہیں فوری طور پر ایسے طبی مرکز منتقل کیا جائے جہاں بہترین علاج ممکن ہو۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ سیاسی کشیدگی کو انسانی معاملات سے الگ رکھا جائے اور کسی بھی سیاسی رہنما کی صحت کو دباؤ یا انتقام کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے علاج اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے اس مطالبے کے حق میں ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert