کوئٹہ شہر ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر، پولیس خاموش تماشائی، بڑیچ کالونی اور داؤد ٹاؤن میں ڈکیتیوں پر پشتونخوا نیپ کا اظہار تشویش


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر اور بالخصوص سٹلائٹ ٹاؤن کے بڑیچ کالونی ،مشرقی بای پاس کے داؤد ٹاؤن میں دو راتوں میں مسلسل ھونے والی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہا ر کرت ھوے کہا گیا کہ شھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتی اور چوری کی پے در پے وارداتوں پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر، بالخصوص مشرقی بائی پاس، بڑیچ کالونی، اور دیگر علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے مسلح ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتیں پیش آ چکی ہیں، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بڑیچ کالونی میں گزشتہ دو راتوں کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے متعدد گھروں کو نشانہ بنایا، اہلِ خانہ کو یرغمال بنایا اور نقدی، طلائی زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اسی طرح مشرقی بائی پاس کے علاقے داؤد ٹاؤن میں بھی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ان مسلسل وارداتوں کے باوجود پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جبکہ شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ علاقوں میں پولیس گشت اور ناکہ بندیوں میں اضافہ کیا جائے، اور وارداتوں میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔صوبائی سیکرٹریٹ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنائیں، تاکہ شہری سکون اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

WhatsApp
Get Alert