کوئٹہ میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے شمولیتی اجلاس، متعدد خاندانوں کی باقاعدہ شرکت

کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیری، صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان بڑیچ اور سید عبداللہ آغا نے کہا ہے کہ پارٹی کے پشتون قومی سوال، حقیقی جمہوریت، سماجی عدل و انصاف اور پائیدار امن سے متعلق واضح اور دوٹوک مؤقف کی بدولت عوام جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر علاقائی یونٹ کے زیرِ نگرانی کاسی روڈ، ریسانی محلہ میں منعقدہ ایک شاندار شمولیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علاقے کے معتبرین، نوجوانوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جسے پارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا مظہر قرار دیا گیا۔
اجلاس کے دوران حاجی شائستہ خان، ساقب خان، نور علی، عنایت اللہ خان، محمد ابراہیم، محمد جنید، شاہ ولی، محمد الیاس اور اسرار خان نے اپنی فیملیز سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والے ساتھیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پشتون قوم کے قومی حقوق کے حصول، سیاسی شعور کی بیداری اور تنظیمی استحکام کے لیے پارٹی منشور کے مطابق بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر ایک نیا ابتدائی یونٹ بھی تشکیل دیا گیا۔ تنظیمی ڈھانچے کے تحت شائستہ خان کو سیکریٹری مقرر کیا گیا جبکہ عدنان خان خٹک کو سینئر معاون سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ اشرف خان، عارف خان یوسفزئی، اسرار خان، شاہ ولی اور احمد خان کو معاون سیکریٹریز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ نو منتخب ایگزیکٹو سے وفاداری کا حلف ندا سنگر نے لیا۔
اجلاس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پشتون قوم کی قومی نجات، سیاسی بیداری اور آئینی و جمہوری حقوق کی جدوجہد کی نمائندہ جماعت ہے، جو پشتونخوا وطن کے اتحاد اور عوام کے سیاسی، معاشی و سماجی حقوق کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف علاقوں میں نئے یونٹس کا قیام اور عوام کی مسلسل شمولیت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ باشعور عوام اپنی حق پر مبنی قومی سیاسی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں، اور قومی یکجہتی، تعلیمی ترقی، معاشی خودکفالت اور سیاسی استحکام کے لیے منظم اور شعوری جدوجہد ناگزیر ہے۔
