قلعہ سیف اللہ میں ڈرائیور عبدالصمد میرزئی کا اغواء اور سفاکانہ قتل، پشتونخوا نیپ کی شدید مذمت، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں قلعہ سیف اللہ میں ڈرائیور عبدالصمد میرزئی کے اغواء کے بعد انہیں بے دردی سے شہید کیے جانے کے اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دلخراش سانحہ نہ صرف ایک خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہے بلکہ پورے علاقے کے امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک سنگین سوالیہ نشان بھی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عبدالصمد میرزئی تین روز تک لاپتہ رہے، تاہم اس دوران ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر اور نتیجہ خیز پیش رفت سامنے نہیں آئی، جو نہایت تشویشناک اور افسوسناک امر ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے اغواء، ٹارگٹ کلنگ، مسلح ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات نے عوام میں شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ اگر بروقت اور ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی حکومتِ وقت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے آ سکیں۔ مقتول کے لواحقین کو فوری اور مکمل انصاف فراہم کیا جائے اور انہیں ریاستی سطح پر تحفظ اور معاونت فراہم کی جائے۔
علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے المناک سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
آخر میں پارٹی اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ مرحوم عبدالصمد میرزئی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا کرے۔

WhatsApp
Get Alert