پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی صوبائی حکومت کے متنازعہ فیصلے کی شدید مذمت، فوری واپسی کا مطالبہ

پشاور (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی حکومت کے ضلع زیارت کو سبی ڈویژن سے الگ کرنے اور کوئٹہ ڈویژن میں جنوب کے اضلاع شامل کرنے کے متنازعہ فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے اسے پشتون دشمن، عوام دشمن، غیر آئینی، غیر جمہوری اور بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع زیارت کی سبی ڈویژن سے وابستگی تاریخی، ثقافتی اور سماجی بنیادوں پر قائم ہے اور کوئٹہ میں جنوب کے اضلاع کا شامل کرنا پشتون وطن کی سیاسی اور جغرافیائی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ پارٹی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ یہ فیصلہ سیاسی انجینئرنگ، حلقہ بندیوں میں رد و بدل اور مخصوص مفادات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ یہ غیر آئینی اور غیر شفاف فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر پارٹی عدالتی راستہ اختیار کرنے، بھرپور احتجاج کرنے اور عوامی رابطہ مہم چلانے کے اپنے آئینی و جمہوری حقوق استعمال کرے گی۔
بیان کے آخر میں پارٹی نے واضح کیا کہ وہ پشتون عوام کی تاریخی شناخت، جغرافیائی وحدت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی مسلط شدہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گی۔
