پاک۔افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت، پاکستان ہر قیمت پر اپنی سالمیت کا دفاع کرے گا: وزیر اعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبہ خیبرپختونخوا میں پاک۔افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں فوری اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع ناقابلِ سمجھوتہ ہے اور سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert