وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر پیغام

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت ہماری شناخت، روایات اور عظیم تاریخی ورثے کی امین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت قابلِ احترام ہے اور بلوچ ثقافت اس قومی گلدستے کا درخشاں رنگ ہے۔ بلوچ روایات محبت، بہادری اور مہمان نوازی کی اعلیٰ اقدار کی آئینہ دار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ثقافتی دن اپنی اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید اور نئی نسل کو ورثے سے جوڑنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ نوجوان نسل کو اپنے تاریخی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بلوچ قوم کو کسی لاحاصل جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے اور قومی ترقی، امن اور استحکام ہی ہمارا راستہ ہے۔ نوجوان علم و تحقیق کو شعار بنائیں اور تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیں۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی جدید دور کی عالمی دوڑ میں بلوچ نوجوان اپنی صلاحیتوں سے نمایاں مقام حاصل کریں، اور حکومت بلوچستان نے بلوچ نوجوانوں کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ سمیت دنیا کی 200 عالمی جامعات کے دروازے کھول دیے ہیں۔
