رمضان ریلیف پیکج: خیبر پختونخوا حکومت کا 10 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار 500 روپے دینے کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا حکومت نے ماہِ رمضان کے موقع پر مستحق شہریوں کے لیے خصوصی رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں 10 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 12 ہزار 500 روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
سرکاری حکام کے مطابق اس پیکج سے مستفید ہونے کے لیے شہریوں کو اپنے علاقے کے متعلقہ ناظم، کونسلر یا لوکل صدر سے رابطہ کرنا ہوگا۔ درخواست گزار اپنے قومی شناختی کارڈ کی کاپی پر اپنا فعال موبائل نمبر درج کریں گے اور ساتھ ہی موبائل نیٹ ورک کا نام بھی لکھیں گے، جیسے جاز، یوفون یا دیگر کمپنی۔
شناختی کارڈ کی نقول مقامی نمائندوں کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو ارسال کی جائیں گی۔ تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد چند روز میں مستحق افراد کے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے امدادی رقم جاری کر دی جائے گی۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر ایک تصدیقی کوڈ بھیجا جائے گا۔ کوڈ موصول ہونے کے بعد مستحق فرد قریبی ایزی پیسہ دکان پر جا کر اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ کوڈ دکھائے گا۔ بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھے کے نشان کے بعد 12 ہزار 500 روپے وصول کیے جا سکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رقم مکمل طور پر محفوظ طریقے سے جاری کی جائے گی اور بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر کوئی اور شخص یہ رقم وصول نہیں کر سکے گا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنے شناختی کارڈ کی کاپیاں متعلقہ نمائندوں کو جمع کرائیں تاکہ رمضان پیکج کے فوائد بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
