لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے امتحان کا نظام خود کار بنادیا گیا


لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور میں ٹریفک حکام نے ڈرائیونگ لائسنس کے امتحان کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔
اب ڈرائیونگ ٹیسٹ میں انسانی مداخلت کم ہوگی اور پورا نظام زیادہ خودکار (آٹومیٹڈ) ہوجائے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق 44 مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی گاڑیاں خریدی گئی ہیں، جو اگلے ہفتے ٹریفک ہیڈکوارٹرز پہنچ جائیں گی۔ ابتدا میں گاڑیوں کی تعداد کم رکھی گئی تھی، تاہم بعد میں یہ تعداد بڑھا کر 44 کردی گئی۔ ہر گاڑی کی لاگت تقریباً 48 لاکھ روپے ہے، جبکہ دیگر ساز و سامان کی تنصیب پر اضافی 4 سے 5 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان جدید گاڑیوں میں سینسرز، کیمرے اور بایومیٹرک مشینیں نصب کی جائیں گی۔ یہ تمام خصوصیات ٹیسٹ کے عمل کو مکمل طور پر خودکار اور شفاف بنانے میں مدد دیں گی۔ روایتی مینول ٹریک کی بجائے اب جی پی ایس بیسڈ ٹریک استعمال کیا جائے گا، جو ٹیسٹ کے معیار کو بہتر کرے گا اور سفارش کے کلچر کو ختم کرے گا۔
یہ جدید گاڑیاں لاہور کے تمام ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز میں مرحلوں میں فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو ایک شفاف اور قابل اعتماد ڈرائیونگ ٹیسٹ کا تجربہ مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert