سندھ حکومت کا منتخب خواتین میں مفت پنک الیکٹرک اسکوٹرز تقسیم کرنے کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے منتخب خواتین میں مفت پنک الیکٹرک اسکوٹرز تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے تقریب 8 مارچ کو عالمی یومِ خواتین کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد خواتین کو محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق اس اسکیم کے تحت منتخب خواتین کو الیکٹرک اسکوٹرز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی اور اسکوٹر چلانے کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ انہیں محفوظ طریقے سے استعمال کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو محفوظ اور خودمختار سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے خواتین کو سہولت فراہم کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت مستقبل میں بھی خواتین کی سہولت اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے مزید منصوبے متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
