آئی ایم ایف کا ارکان پارلیمنٹ کے اثاثے خفیہ رکھنے پر اعتراض


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف ) نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کو خفیہ رکھنے کی قانونی ترمیم پر اعتراض کر دیا ہے اور اسے واپس لینے کا کہہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا ہے کہ کمیشن کسی صورت شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کریگا۔
لاء ڈویژن نے آئی ایم ایف کو یہ بھی بتایا کہ حکومت نے ابھی تک ان ترامیم کی حمایت نہیں کی ہے، جنھیں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے نجی قانون سازی کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے لاء ڈویژن سے واضح موقف اختیار کرنے کو کہا ہے ۔ قومی اسمبلی نے الیکشنز ایکٹ 2017 میں یہ ترمیم قانون سازوں کے اثاثوں اور واجبات کے عوامی افشا کو محدود کرنے کے لیے صرف اس وقت منظور کی جب مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ان ترامیم کے بارے میں استفسار کیا ہے ۔ بتایا گیا کہ یہ ترامیم قانون کا حصہ نہیں بنیں کیونکہ سینیٹ نے بل پر ووٹ نہیں دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert