نیا ضابطہ کار جاری ! بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، وزیر توانائی نے شکایات کے ازالے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے ضابطہ کار جاری کر دیے ہیں۔
پاور ڈویژن نے بتایا کہ اب ہر ماہ خراب اور بہترین کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنز کی نشاندہی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا ہے کہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام کمپنیوں کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز اس کے ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے۔
حکومت نے ‘118 سمارٹ کال سینٹر’ کو صارفین کے لیے ‘ون ونڈو سروس’ قرار دے دیا ہے، گزشتہ 5 ماہ میں 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں جن میں سے 96 فیصد کو کامیابی سے ہینڈل کیا گیا۔
صارفین کی جانب سے 24 لاکھ سے زائد شکایات درج کی گئیں، جن میں سے اسلام آباد (IESCO) میں ریکارڈ 99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
لیسکو میں سب سے زیادہ 10 لاکھ، جبکہ میپکو میں 6 لاکھ سے زائد شکایات حل کی گئیں۔ فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی۔
سردار اویس لغاری نے پانچ بڑی بجلی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ‘118 سروس’ کو عوام میں بھرپور طریقے سے متعارف کرائیں۔
انہوں نے لائن اسٹاف اور افسران کو حکم دیا ہے کہ فیلڈ میں آنے والی شکایات کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert