“بہادر فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے”: حاجی ولی محمد نورزئی کی دکی حملے کی مذمت،


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے دکی کے علاقے کلی بختیار خان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور افسوسناک فعل قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کی حفاظت پر مامور جوانوں کو نشانہ بنانا بزدلی کی انتہا ہے، لیکن ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہماری بہادر فورسز اور قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن قوتیں ملک میں بدامنی پھیلانے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور ریاست دشمن عناصر کو ان کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔حاجی ولی محمد نورزئی نے اس افسوسناک واقعے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے ملک و قوم کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ پارلیمانی سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدا کے خون کا حساب لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert