کراچی: سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

کراچی(قدرت روزنامہ) سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی آپریشنز عرفان بہادر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ریلوے ٹریک پر دھماکوں میں ملوث کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ (بی آر جی) کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کے قبضے سے بارودی مواد، آئی ای ڈی اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان میں کمانڈر جھنور، علی جان، نور محمد، جامک اور نیاز شامل ہیں۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق پڑوسی ملک سے ہے جو انہیں فنڈنگ اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔ ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند ماہ میں شکارپور اور جیکب آباد میں کم شدت کے 6 دھماکے کیے۔
جن میں ریلوے ٹریکس اور ٹرین کی بوگیوں کو نقصان پہنچا۔ ملزمان نے 18 جون 2025 کو جیکب آباد، 28 جولائی 2025 کو شکارپور، اور 7 اکتوبر کو جعفر ایکسپریس پر حملے سمیت دسمبر 2025 اور جنوری 2026 کی تخریب کاریوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔
غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ ان دہشت گردوں نے لہڑی، بلوچستان سے تربیت حاصل کی اور وہیں سے انہیں بارودی مواد فراہم کیا جاتا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے یہ ملزمان فیملیز کے ہمراہ بارودی مواد کی ترسیل کرتے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی بنیادوں پر اس نیٹ ورک کو انتہائی مہارت سے شناخت کیا گیا ہے اور اب ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کی گرفتاری کے لیے وفاقی حساس اداروں کے ساتھ مل کر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ سال 2025 میں سندھ میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا جو تمام اداروں کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے، جبکہ عید کے موقع پر فی الحال کوئی بڑی سیکیورٹی تھریٹ موجود نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert