بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے موثر استعمال کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیا اختیاری ‘ملٹی ٹیرف سسٹم’ متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اس نئے نظام کے تحت صنعتی صارفین کو مختلف اوقات میں بجلی کے مختلف نرخوں کا اختیار ’وقت کے استعمال‘ کے تحت ملے گا۔ اس اسکیم میں صارفین کی زیادہ سے زیادہ مانگ کی بنیاد پر مقررہ چارجز کا تعین کیا جائے گا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ ‘آف پیک’ اوقات میں سستی بجلی استعمال کریں (جب بجلی کی طلب کم ہو)۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زیادہ مانگ میں کمی سے بجلی کے قومی نظام پر دباؤ میں کمی آئے گی جبکہ سستی بجلی کی دستیابی سے صنعتی پیداوار اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت میں اضافہ متوقع ہے۔ یہ نیا ٹیرف سسٹم توانائی کے تحفظ کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف پر صنعتی صارفین اور چیمبر آف کامرس سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو ہوگی۔
حکام کا خیال ہے کہ پاور سیکٹر میں یہ اصلاحات ملک کی طویل مدتی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گی اور صنعتی شعبے کو درپیش توانائی کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
