پنجاب میں 28 مارچ کو ارتھ آور، رات ساڑھے 8بجے لائٹس بند کردی جائیں گی


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب بھر میں 28مارچ کو ارتھ آور منایا جائے گا، صوبائی حکومت نے عوام سے توانائی کے بچاؤ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے بین الاقوامی مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں 28 مارچ کو رات 8:30 سے 9:30 بجے تک بتیاں گل کردی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ارتھ آور منانے کا فیصلہ کرنے کے موقعے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نئی نسل کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں گی۔ عوام توانائی کے تحفظ کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ نوجوان بھی اس کا حصہ بن جائیں۔
سیکریٹری ماحولیات کو ارتھ آور مہم کو مؤثر بنانے کیلئے فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو صوبے بھر میں ارتھ آور کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر کی کاوشوں کی تعریف کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ماحولیات کو ترجیح دینے کے لیے ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ خیال رہے کہ ارتھ آور مہم کا بنیادی مقصد توانائی کے اسراف پر مبنی استعمال کو روکنا، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ مستقبل کی نسلوں کو بہتر ماحول کی فراہمی یقنی بنائی جاسکے۔

WhatsApp
Get Alert