پمز ہسپتال کے ماہرِ چشم نے بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ کا معائنہ کیا، سر درد اور نظر کی کمزوری پر مخصوص ادویات تجویز، 4 ہفتوں بعد دوبارہ چیک اپ کا حکم

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا ہے، جہاں انہوں نے دائیں آنکھ میں شدید تکلیف اور بینائی میں دھندلاہٹ کی شکایت کی تھی۔ جیل ذرائع کے مطابق، پمز ہسپتال کے سربراہ شعبہ چشم، ڈاکٹر محمد عارف خان نے جیل جا کر بشریٰ بی بی کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران بشریٰ بی بی نے بتایا کہ انہیں دائیں آنکھ سے دھندلا نظر آ رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ مسلسل سر درد کا شکار بھی ہیں۔
ماہرِ چشم نے معائنے کے بعد بشریٰ بی بی کو مخصوص آئی ڈراپس (آنکھ کے قطرے) اور دیگر ضروری ادویات تجویز کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹرز نے انہیں مختلف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی بھی سخت ہدایت کی ہے تاکہ تکلیف میں اضافہ نہ ہو۔ جیل ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے بشریٰ بی بی کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں چار ہفتوں کے وقفے سے دوبارہ معائنہ کروانے کی ہدایت کی ہے تاکہ علاج کے اثرات اور بینائی کی بہتری کا پتہ چل سکے۔
