بلوچستان میں بے نظیر ایمبولینٹری سروس کا افتتاح، ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات جاری: وزیر صحت


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں بے نظیر ایمبولینٹری سروس کا افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، ڈی جی اکیڈمی ڈاکٹر رضوان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بین الصوبائی تعاون سے بلوچستان کے ریسکیورز کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے اور انہوں نے ریسکیورز کو ہدایت دی کہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اس اقدام کی تعریف بھی کی اور بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی قیادت میں ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات جاری ہیں۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 15 ماہ سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی شرح 38 فیصد سے بڑھ کر 51 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ خضدار کی طالبہ نے تربیتی کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے لیے تربیت مکمل کرنے والی ہر طالبہ کو ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے 50 فیصد سے زائد حاضری یقینی بنائی گئی ہے اور غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائیاں اور تنخواہوں میں کٹوتی جاری ہے۔ ادویات کی فراہمی کے لیے جدید ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ بلوچستان میں بین الاقوامی معیار کا ٹراما سینٹر مکمل ہو چکا ہے جس کا افتتاح جلد متوقع ہے جبکہ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کا افتتاح بھی عنقریب کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert