پٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافہ نامنظور، غریب روٹی کو ترس رہا اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں، قلعہ سیف اللہ کو آفت زدہ قرار دیا جائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی احتجاجی ریلی


قلعہ سیف اللہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں آج قلعہ سیف اللہ میں ایک عظیم الشان، بھرپور اور تاریخی احتجاجی جلوس اور عوامی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں مسلط مہنگائی کے طوفان، بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے جا، غیر منصفانہ اور عوام دشمن اضافے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور حکومتی پالیسیوں کو سخت الفاظ میں مسترد کر دیا گیا۔ یہ احتجاجی مظاہرہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری مالیات اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید اکبر خان کاکڑ کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے کارکنان، عہدیداران اور ہر مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کی بڑی تعداد نے اس امر کا واضح ثبوت دیا کہ عوام اب مزید ظلم، مہنگائی اور ناانصافی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ جلسے سے پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن شمس رودوال، صوبائی کمیٹی کے رکن سمیع اللہ سمسور اور پی ایس او کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری سمیع اللہ کاکڑ نے انتہائی پرجوش، مدلل اور بھرپور خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

مقررین نے کہا کہ ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہو کر اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اس کی غلط پالیسیوں نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ قلعہ سیف اللہ میں حالیہ شدید بارشوں اور ژالہ باری نے زمینداروں اور کاشتکاروں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں اربوں روپے کے نقصانات ہوئے ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ نہ صوبائی حکومت نے کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا اور نہ ہی وفاقی ادارے حرکت میں آئے۔ انہوں نے اس صورتحال کو مجرمانہ غفلت اور بے حسی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر نقصانات کا جامع سروے شروع کریں، ضلع قلعہ سیف اللہ کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور متاثرین کے لیے فوری امدادی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اجلاس میں واپڈا کی جانب سے بجلی کے نظام کی بدترین صورتحال اور بجلی کے تاروں و کھمبوں کی مسلسل چوری پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert