پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کا معاشی قتل ہے، پی سی ایم کروم مائنز کے لیزز مقامی مالکان کو الاٹ اور بند اسکولز فعال کیے جائیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مسلم باغ میں احتجاجی ریلی


مسلم باغ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مسلم باغ کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل، ظالمانہ اور عوام دشمن اضافے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ مرکزی سیکرٹری و صوبائی سینئر نائب صدر چیئرمین اللہ نور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام، کارکنان اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کیا۔ مظاہرے سے سندھ زون کے مالیات سیکرٹری نظام کاکڑ، مرکزی کمیٹی کے رکن حبیب اللہ، علاقائی سیکرٹری روزی خان اور مرکزی کمیٹی کے رکن لطیف کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی ناقص، غیر مؤثر اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقررین نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دراصل غریب عوام کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ اپنی عیاشیوں اور مراعات کو برقرار رکھنے کے لیے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ توڑ رہی ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے مسلم باغ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور عوامی ردعمل میں شدت آئے گی۔ مقررین نے مسلم باغ کے پی سی ایم (PCM) کروم مائنز کے معاملے پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 1950ء سے کام کرنے والی پی سی ایم کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے بعد مقامی عوام کے اربوں روپے ہڑپ کر لیے گئے، جس سے انہیں شدید معاشی نقصان پہنچا۔ بعد ازاں ڈی ایم ڈی (DMD) کی جانب سے لیزز منسوخ کیے گئے، جس پر مقامی کروم مائنز مالکان (قابضین) نے عدالت سے رجوع کیا۔ 2012ء میں عدالت نے واضح احکامات جاری کیے کہ مقامی مالکان کو لیزز الاٹ کیے جائیں، تاہم افسوس کہ حکومتی غفلت، بدانتظامی اور بدنیتی کے باعث آج تک اس عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اب ایک منظم سازش کے تحت عین الحق نامی شخص اور اس کے ساتھی، صوبائی حکومت اور مقتدر قوتوں کی مبینہ ملی بھگت سے خانوزئی اور مسلم باغ کے تمام پی سی ایم لیزز کی الاٹمنٹ کے لیے خفیہ سمری تیار کر چکے ہیں، جو نہ صرف مقامی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے بلکہ عدالتی فیصلے کی کھلی خلاف ورزی (توہینِ عدالت) بھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس غیر قانونی اقدام کو فوری طور پر روکا نہ گیا تو اس کے خلاف شدید عوامی ردعمل سامنے آئے گا اور ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ مقررین نے دو ٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ مسلم باغ کے اصل کروم مائنز مالکان (قابضین) پر مشتمل مشترکہ کمپنی کو عدالت کے فیصلے کے مطابق فوری طور پر لیزز الاٹ کیے جائیں، بصورتِ دیگر ایک بھرپور اور منظم احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جو پورے خطے تک پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم باغ شہر میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جسے فوری طور پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی غیر قانونی طور پر گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے اس امر پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم باغ میں درجنوں سرکاری اسکول بند پڑے ہیں، جس کے باعث علاقے کا تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تمام بند اسکولوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے، اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ آخر میں مقررین نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر فورم پر عوامی حقوق کے دفاع، انصاف کے حصول اور وسائل پر مقامی لوگوں کے حق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز، منظم اور مؤثر بنائے گی۔

WhatsApp
Get Alert