امن مشن میں ایک اور بڑی سفارتی کامیابی! برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون؛ ایران امریکہ جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کو شاندار خراج تحسین، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایران امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار: برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، اسلام آباد امن مذاکرات کی میزبانی پر مبارکباد اور عالمی سطح پر تائید کا خیرمقدم
اسلام آباد ( قدرت نیوز ) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کرنے اور خطے میں امن مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دورانِ گفتگو برطانوی ہم منصب نے اسلام آباد میں تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی مبارکباد دی اور اس عمل کی کامیابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ اور مخلصانہ عزم کا اعادہ کیا اور کیئر اسٹارمر سمیت دیگر اہم یورپی و بین الاقوامی رہنماؤں کی جانب سے جاری کردہ اس مشترکہ بیان کا بھرپور خیر مقدم کیا جس میں پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کی گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کی ضمانت اور سازگار ماحول کے لیے موجودہ جنگ بندی کا برقرار رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی پُرتپاک دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
