کیچ میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ، رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے ضلع کیچ میں ڈینگی کے تیزی سے بڑھتے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری، موثر اور مربوط اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا پورے مکران ڈویژن تک پھیل سکتی ہے جس سے پنجگور اور گرد و نواح کے علاقے بھی شدید متاثر ہوں گیانہوں نے کہا کہ کیچ میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے بلکہ یہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے کیونکہ ابتدائی سطح پر احتیاطی تدابیر اختیار اور بروقت اسپرے مہم شروع نہ کرنے کے باعث صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس ایک خطرناک اور جان لیوا مرض ہیجس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیچ سمیت مکران کے تمام اضلاع میں فوری طور پر انسدادِ ڈینگی ایمرجنسی نافذ ، اسپرے مہم شروع ، نکاسی آب کے نظام کو بہتر اور جگہ جگہ جمع کھڑے پانی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور و آگاہی کی کمی بھی بیماری کے پھیلا کی ایک بڑی وجہ ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ میڈیا، مقامی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات پہلے ہی ناکافی ہیں اسپتالوں میں بنیادی ادویات، ٹیسٹنگ سہولیات اور تربیت یافتہ عملے کی کمی ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجے، عارضی میڈیکل کیمپس قائم کیے اور سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وارڈز مختص کرے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک جامع اور موثر حکمت عملی مرتب کی جائے جس میں متعلقہ تمام اداروں کے درمیان رابطے کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلا کو بروقت روکا جا سکے اور عوام کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکی
