پاکستانی بچوں کا بڑا کارنامہ! نیپال کو یکطرفہ مقابلے میں شکست؛ اگلا ہدف بھارت

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ٹی ایف ایشیا انڈر 12 ٹیم کمپٹیشن (ساوتھ ایشیا) میں میزبان نیپال کو 0-3 سے یکطرفہ انداز میں شکست دے دی۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان کے مطابق پاکستان کی بوائز ٹیم جو گروپ بی میں نیپال اور مالدیپ کے ساتھ شامل ہے نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی۔

سنگلز مقابلوں میں محمد عیّان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کرکی ساویہ جنگ کو 6-2، 6-0 سے مات دی جس کے بعد محمد ابراہیم حسین گِل نے بھی یکطرفہ مقابلے میں محمد آیان کو 6-2، 6-1 سے شکست دے کر ٹیم کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اس کے بعد ڈبلز میچ میں ابراہیم اور محمد فیضان کی جوڑی نے کرکی ساویہ جنگ اور بسنییت سہانش کو 6-2، 6-1 سے شکست دے کر پاکستان کی 3-0 سے کلین سویپ کامیابی مکمل کر دی۔

واضح رہے کہ آئی ٹی ایف ایشیا انڈر 12 ٹینس ٹورنامنٹ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کی گرلز ٹیم گروپ اے میں حصہ لے رہی ہے جہاں ان کے ساتھ مالدیپ، نیپال، سری لنکا اور بھارت جیسی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert