بلوچستان میں ریٹائرمنٹ کے پہلے ہی دن پیشگی پنشن کی فراہمی کا فیصلہ، محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کے فنانس ڈپارٹمنٹ نے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد درپیش پنشن کی تاخیر کے مسئلے کے حل کے لیے پیشگی پنشن کی فراہمی کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے پہلے ہی دن ان کی متوقع پنشن کا تقریبا 65 فیصد حصہ براہِ راست ان کے بینک اکانٹ میں منتقل کر دیا جائے گا، جس سے مالی مشکلات میں واضح کمی آنے کی توقع ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ سہولت صرف ان ملازمین کے لیے دستیاب ہوگی جو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے اہل ہوں گے اور جن کا ریکارڈ پہلے سے SAP سسٹم میں موجود ہوگا۔ فنانس ڈپارٹمنٹ نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی پنشن کیسز کو بروقت شروع کریں اور مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پیشگی پنشن کی ادائیگی زیادہ سے زیادہ ایک سال تک جاری رہے گی یا اس وقت تک جب تک باقاعدہ پنشن کا اجرا نہ ہو جائے۔ اگر کسی وجہ سے ایک سال کے اندر مکمل پنشن شروع نہ ہو سکے تو زیادہ سے زیادہ مزید تین ماہ کی توسیع دی جا سکتی ہے، تاہم اس سے زائد مدت کی اجازت نہیں ہوگی اس نظام کے تحت محکموں کے سربراہان کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ BPS-16 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ ہیڈ جبکہ BPS-1 سے 15 تک کے ملازمین کے لیے آفس ہیڈ ریٹائرمنٹ کی تاریخ پیشگی فراہم کریں گے تاکہ اسی دن سے پیشگی پنشن کا اجرا ممکن بنایا جا سکے اگر کسی سرکاری ملازم کے خلاف کوئی انکوائری یا قانونی کیس زیرِ التوا ہو تو اس کا واضح ذکر ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن میں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ بعد میں کسی قسم کی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔فنانس ڈپارٹمنٹ کے مطابق پیشگی پنشن کی ادائیگی براہِ راست ملازمین کے بینک اکانٹس میں منتقل کی جائے گی، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اگر کسی ملازم کا انتقال ہو جائے تو اس کے اہلِ خانہ اپنے بینک اکانٹ کی تفصیلات فراہم کر کے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جائے کہ ریٹائرمنٹ کے اگلے مہینے کے پہلے دن سے باقاعدہ پنشن کا اجرا شروع ہو جائے تاکہ پیشگی پنشن کی ضرورت کم سے کم پیش آئے۔ تاہم اگر ادائیگیوں میں کسی قسم کا فرق سامنے آئےچاہے زائد ادائیگی ہو یا کمتو اسے آئندہ قسطوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا یا متعلقہ رقم واپس لی جائے گی دستاویز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پیشگی پنشن ایک عارضی ریلیف ہے، جبکہ حتمی پنشن کا تعین اور منظوری بعد ازاں اکانٹنٹ جنرل آفس یا ضلعی اکانٹس دفاتر (DAOs) کے ذریعے مکمل ضابطہ کار کے مطابق کی جائے گی۔
