کوئٹہ کی اہم شاہراہیں سیکیورٹی رکاوٹوں کے باعث بند، شہری ٹریفک جام کے عذاب میں مبتلا، صوبائی حکومت کا عوامی مشکلات پر روایتی تساہل قابلِ تشویش ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک تفصیلی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ایک گنجان آباد اور تیزی سے پھیلتا ہوا شہر ہے جہاں لاکھوں افراد رہائش پذیر ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بجائے آئے روز نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصاً شہر کی اہم شاہراہیں سیکیورٹی اداروں کے دفاتر، ناکہ بندیوں اور غیر ضروری رکاوٹوں کے باعث عوام کیلئے اذیت کا باعث بن چکی ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی اسٹیشن روڈ، ماڈل ٹاؤن، پشتونخوا چوک، ڈیرہ فارم روڈ اور ریڈ زون جیسے اہم علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری اور دفاتر کے قیام کی وجہ سے متعدد بڑی سڑکیں مکمل یا جزوی طور پر بند کر دی گئی ہیں یا انہیں یکطرفہ ٹریفک کیلئے مختص کر دیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، گھنٹوں طویل ٹریفک جام معمول بن چکے ہیں اور شہریوں کو روزمرہ کے معمولات سرانجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس غیر متوازن اور غیر منصوبہ بند سیکیورٹی نظام نے نہ صرف شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے، مریضوں کو ہسپتالوں تک بروقت رسائی، ملازمین کو دفاتر تک پہنچنے اور تاجروں کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے میں بھی شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ بالخصوص ہنگامی حالات میں ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی بروقت رسائی متاثر ہونا ایک انتہائی تشویشناک اور سنگین مسئلہ ہے جو انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس صورتحال کو عوامی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شہری آبادی کے اندر قائم اپنے دفاتر اور چیک پوسٹس کو مرحلہ وار شہر سے باہر یا چھاؤنی کے مخصوص علاقوں میں منتقل کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ایک طرف سیکیورٹی ادارے بہتر اور محفوظ ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے جبکہ دوسری جانب شہریوں کو درپیش روزمرہ مشکلات میں واضح کمی آئے گی اور ٹریفک کا نظام بھی بحال ہو سکے گا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر اس صورتحال کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert