بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر پہنچ گیا

کراچی(قدرت روزنامہ)بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے ، جہاں درجہ حرارت چالیس ڈگری سے اوپر پہنچ گیا۔
ملک کے بیشتر حصوں میں موسم نے تیور بدل لیے ہیں اور گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد عبور کر گیا ہے۔
صوبہ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے اس وقت شدید گرمی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سبی میں 44 ڈگری ، سکھر میں 43 ڈگری ، دادو میں 42 ڈگری، مٹھی میں 41 ڈگری اور حیدرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی تپش بڑھ رہی ہے، جہاں ملتان اور سرگودھا: 37 ڈگری جبکہ لاہور اور ڈی جی خان میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسی شکایات سے بچا جا سکے۔
