بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لاشوں کا ملنا،قتل و غارت گری اور ماورائے آئین گمشدگیاں انتہائی تشویشناک پریشان کن اور لمحہ فکریہ ہیں،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لاشوں کا ملنا،قتل و غارت گری اور ماورائے آئین گمشدگیاں انتہائی تشویشناک پریشان کن اور لمحہ فکریہ ہیں۔ سیکورٹی کے نام پر قومی خزانے سے سالانہ85ارب روپے لینے والے ادارے عوام کو حالات کے رحم و کرم پرچھوڑچکے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کا کوئی ولی وارث نظر نہیں آتا۔دنیا کو امن دینے والے ہماری قیادت اور فورسز کے سربراہان اپنے گھرکے اندریعنی اہل بلوچستان کو بھی امن فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ اور گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مرکزی شاہراہوں سمیت صوبے بھر میں ٹرانسپورٹرز،تاجر، مزدوراورعام شہری غیرمحفوظ ہیں۔امن و امان قائم کرنے اور آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے متعلقہ ادارے دیگر امور میں مصروف ہیں جس کے باعث عوام بدحالی،بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔سیاست، میڈیا اور انصاف کے نظام پر بھی دباؤ کے سائے منڈلا رہے ہیں، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، لیکن بدقسمتی سے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ کسی قسم کا دباؤ یا خاموشی قبول نہیں کی جائے گی۔ عوام نے اگر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو صوبے میں امن قائم،تجارت و کاروبار بحال ہوگا اور بدعنوانی و بدامنی کا خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبہ بھر میں دعوتی و اصلاحی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اپنی صفوں کو مضبوط کریں اوراپنے حقوق،ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو ایک پرامن،خوشحال اور باوقار صوبہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert