کراچی: شاہراہ بھٹو پر ڈاکو شہری سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں قائد آباد سے شاہراہ بھٹو سے ڈیفنس جاتے ہوئے تاجر کی گاڑی کو کار سے ٹکر مار کر مسلح ملزمان نے 25 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

ڈیفنس کے رہائشی تاجر حفیظ الرحمٰن کے مطابق گزشتہ رات وہ لانڈھی داؤد چورنگی سے اپنی گاڑی نمبر بی یو 0900 میں شاہراہ بھٹو کے راستے قیوم آباد کے قریب پہنچے تو شاہراہ بھٹو سے اترتے ہوئے ملزمان نے کار سے ان کی گاڑی کو عقب سے ٹکر ماری۔

انہوں نے حادثہ جان کر گاڑی سائیڈ پر روکی اور پیچھے جا کر گاڑی والوں سے باز پرس کرنے لگے کہ اس دوران قیوم آباد کی طرف سے 4 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان ون وے جائے حادثہ پر پہنچے اور انہیں یرغمال بنا لیا۔

اس دوران ملزمان انہیں تشدد کرتے ہوئے واپس گاڑی میں لے گئے۔ ملزمان نے پائیدان پر رکھے 25 لاکھ روپے کا تھیلا اٹھایا اور مزاحمت کرنے پر اسلحے کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔

ملزمان نے ان سے گالم گلوچ کی اور تشدد کرتے ہوئے گاڑی میں بٹھایا اور اسلحے کے زور پر روانہ کردیا۔

حفیظ کے مطابق وہ روانہ ہوئے اور عقب سے دیکھا کہ ملزمان موٹر سائیکلوں اور کار میں ایک ساتھ قیوم آباد سے بلوچ کالونی کی طرف رانگ سائڈ جاتے ہوئے نظر آئے۔

حفیظ الرحمٰن نے فوری طور پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی اور اپنے دفتر کو بھی آگاہ کیا۔

بعد ازاں ٹول پلازا کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوائی گئی جس میں دیکھا گیا کہ ملزمان نے ٹول پلازا پر حفیظ الرحمٰن کے برابر کے بوتھ پر ٹول ادا کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان جس گاڑی نمبر ڈی آئی بی 545 میں سوار تھے تحقیقات پر کار کا نمبر جعلی نکلا۔

پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی بلکہ روزنامچے میں تمام رپورٹ درج کرلی ہے۔

WhatsApp
Get Alert