نشہ آور اشیاء کا استعمال کیوں کیا؟ قومی کرکٹر محمد نواز نے تحریری موقف دے دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نشہ آور مادہ استعمال کرنے کے الزام کے بعد آل راؤنڈر محمد نواز نے اپنا مؤقف باقاعدہ طور پر عالمی کرکٹ کونسل کو جمع کرا دیا ہے۔ اس معاملے نے کرکٹ حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے اور اب نظریں آئی سی سی کے اگلے فیصلے پر مرکوز ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد نواز نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے تحریری جواب جمع کروا دیا ہے جبکہ اس کیس سے متعلق حتمی کارروائی اور اعلان بھی آئی سی سی ہی کرے گی۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا، جس کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محمد نواز کے کیس کی کارروائی آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں ہے اور یہی ادارہ اس عمل کو مکمل کرے گا۔
واضح رہے کہ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو محمد نواز کے خلاف ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے جس میں ممکنہ پابندی بھی شامل ہو سکتی ہے۔
