مکران ڈویژن کے سرکاری اسکولوں کے کلسٹر بجٹ میں مبینہ بے ضابطگیاں، انکوائری کا آغاز

کیچ، گوادر اور پنجگور کے تعلیمی افسران سے مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے بجٹ کے استعمال کا مکمل ریکارڈ طلب، ملوث عناصر کا تعین کیا جائے گا


گوادر (ڈیلی قدرت)مکران ڈویژن کے اضلاع کیچ، گوادر اور پنجگور کے سرکاری اسکولوں کو جاری ہونے والے کلسٹر بجٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف چیف منسٹر انسپکشن ٹیم(سی ایم آئی ٹی)نے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم بلوچستان میں ہونے والی اس اہم پیش رفت کے تحت مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے دوران کلسٹر بجٹ کے استعمال کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ ایک سرکاری مراسلے کے ذریعے متعلقہ اضلاع کے تعلیمی افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تین روز کے اندر تمام ہائی اسکولوں کی فہرست، کلسٹر ہیڈز کے نام، موبائل نمبرز اور بجٹ کے اختیارات کی تفصیلات فراہم کریں۔تحقیقات کے دائرہ کار میں مقامی ایجوکیشن پرچیزنگ کمیٹی (LEPC) کی جانب سے دی گئی بولیوں، سپلائی شدہ مواد، اور انسپکشن رپورٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کلسٹر بجٹ کے استعمال سے متعلق پی ٹی ایس ایم سی، ڈی ای جی اور ڈی ای اے کی منظوریوں کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق سی ایم انسپکشن ٹیم شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کلسٹر ہیڈز، ہیڈ ٹیچرز اور ضلعی تعلیمی افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بیانات بھی قلمبند کرے گی تاکہ بجٹ کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert