’اتنا اعتماد کہاں سے آتا ہے؟‘، لاہور قلندرز کے پلے آف سے باہر ہونے پر شاہین آفریدی کا بیان مذاق بن گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے پلے آف مرحلے کے لیے ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا ہے جس میں ایک بڑی اپ سیٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ تین مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی حیدرآباد کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس پیش رفت کے بعد مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا ایک بیان شیئر کیا جس میں وہ پلے آف سے قبل پُرامید نظر آتے ہوئے کہتے ہیں کہ ٹیم کے پاس مزید دو سے تین دن ہیں اور وہ پلے آف میں اور اچھا کھیلیں گے۔ تاہم ٹیم اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ صارف نے شاہین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنا اعتماد کہاں سے آتا ہے؟‘۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے شاہین آفریدی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حد سے زیادہ خوداعتمادی دیکھنی ہو تو یہ دیکھ لیں۔

سپورٹس جرنلسٹ سہیل عمران نے لکھا کہ یقین نہیں آ رہا کہ لاہور قلندرز باہر ہو گئی ہے۔

اظہر نسیم خان نے لاہور قلندرز کے باہر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ لاہور قلندرز اس بار ایسے باہر ہوئی ہے جیسے مہمان کھانا کھائے بغیر ہی اٹھ کے چلا جائے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی نے 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 13 پوائنٹس حاصل کرکے دوسری، ملتان سلطانز نے 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر رہی۔

ایونٹ میں پلے آف کا سلسلہ منگل 28 اپریل سے شرو ع ہوگا، 29 اپریل کو پہلے ایلی مینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں لاہور میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا ایلی مینیٹر یکم مئی کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو ہوگا۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم نے سنہ 2022 میں پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ سنہ 2023 میں بھی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ سنہ 2025 میں تیسری مرتبہ ٹرافی جیت کر خود کو لیگ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل کر لیا۔ ان شاندار کامیابیوں کے باعث پی ایس ایل سیزن 11 میں بھی لاہور قلندرز کو فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا تھا، تاہم ٹیم توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔

WhatsApp
Get Alert