سرکاری ملازمین اور طلبہ کی موجیں، مئی کے مہینے میں چھٹیاں ہی چھٹیاں
مجموعی طور پر مئی 2026ء ایک ایسا مہینہ ثابت ہونے جا رہا ہے جہاں کام کے دن کم اور آرام کے دن زیادہ ہوں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں مئی 2026ء ریکارڈ تعطیلات کا مہینہ ہونے جارہا ہے کیوں کہ ملازمین کو کہیں 11 تو کہیں 19 چھٹیاں متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مئی کا مہینہ سرکاری ملازمین اور طلبہ کے لیے کسی تعطیلاتی جشن سے کم نہیں ہوگا جہاں کیلنڈر کی ترتیب اور عید الاضحیٰ کے ممکنہ امتزاج نے مجموعی چھٹیوں کی تعداد کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ہے، اس مہینے کے آغاز سے لے کر اختتام تک چھٹیاں ہی چھٹیاں ہیں جس نے خاص طور پر سکاری ملازمین اور طلبہ کی خوشیاں دوبالا کردی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جاری سرکاری کفایت شعاری مہم کے باعث کام کے ایام پہلے ہی محدود کیے جا چکے ہیں، اس صورتحال میں ایسے ادارے جہاں توانائی کی بچت کے لیے جمعہ کی چھٹی یا ورک فرام ہوم کا نظام نافذ ہے، وہاں ہفتہ وار تین چھٹیوں اور عید کی تعطیلات کو ملا کر مئی میں کل 19 دن دفاتر سے دوری میسر آ سکتی ہے جب کہ عام دفاتر اور کاروباری مراکز جہاں جمعہ کو کام ہوتا ہے، وہاں بھی ماہانہ تعطیلات کی کل تعداد 11 رہنے کی توقع ہے۔
یہاں دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ماہ مئی کا آغاز ہی ایک طویل ویک اینڈ سے ہوگا، جس کے بعد ہر ہفتے تین دن کا وقفہ ملے گا، پہلے ہفتہ میں یکم مئی بروز جمعہ (یومِ مزدور) کی سرکاری چھٹی کے ساتھ ہفتہ اور اتوار (2 اور 3 مئی) مل کر 3 روزہ بریک بنائیں گے، دوسرا ہفتہ 8، 9 اور 10 مئی (جمعہ، ہفتہ، اتوار) مسلسل چھٹیاں ہوں گی، تیسرا ہفتہ 15، 16 اور 17 مئی کو بھی یہی 3 روزہ تسلسل برقرار رہے گا، چوتھا ہفتہ: 22، 23 اور 24 مئی کو ایک بار پھر شہریوں کو طویل ویک اینڈ ملے گا۔
تاہم مئی کی سب سے خاص بات عید الاضحیٰ کی آمد ہے، جس کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ 17 مئی کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا، اگر ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آ جاتا ہے تو عید 27 سے 29 مئی (بدھ سے جمعہ) تک ہوگی، اس صورت میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں شامل ہو کر یہ 5 روزہ طویل وقفہ بن جائے گا، اگر مہینہ 30 دن کا ہوا تو عید 28 سے 30 مئی تک ہوگی جس کے فوراً بعد 31 مئی کا اتوار آئے گا، اگر حکومت نے درمیان میں آنے والے پیر (25 مئی) کو بھی اضافی چھٹی قرار دے دیا تو مئی کے آخری ہفتے میں عوام کو مسلسل ایک ہفتے کا بریک مل سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کئی تعلیمی اداروں نے پہلے ہی جمعہ سے اتوار تک تین چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے، جس سے طلبہ کو اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ آرام کا بھرپور موقع ملے گا، سرکاری محکموں میں جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی سہولت نے عملی طور پر دفتری بوجھ کو مزید کم کر دیا ہے، جسے عوامی حلقوں میں چھٹی ہی تصور کیا جا رہا ہے، جہاں عوام ان چھٹیوں کو خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور تفریحی مقامات کے سفر کے لیے بہترین موقع قرار دے رہے ہیں، مجموعی طور پر مئی 2026ء ایک ایسا مہینہ ثابت ہونے جا رہا ہے جہاں کام کے دن کم اور آرام کے دن زیادہ ہوں گے، جس کا پاکستانی عوام بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
