عمران خان کے بعد میں اور اقرار الحسن ٹاپ لیول میں سے ہیں، جواد احمد
اگر کوئی اور بڑی عوامی شناخت رکھنے والا شخص سیاست میں آنے کی کوشش کرے تو اسے پذیرائی نہیں ملتی، گلوکار کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)گلوکار جواد احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بعد میں اور اقرار الحسن ٹاپ لیول میں سے ہیں، ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جواد احمد کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے صفِ اول کے گلوکاروں میں شامل ہیں جبکہ اقرار الحسن نیوز انڈسٹری کے نمایاں اور چوٹی کے صحافی ہیں۔ ان کے مطابق دونوں اپنی اپنی فیلڈ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
جواد احمد نے کہا کہ عمران خان جیسی بڑی شہرت رکھنے والی شخصیت کے سیاست میں آنے کے بعد دیگر معروف افراد کے لیے اسی سطح پر جگہ بنانا آسان نہیں رہتا۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر کوئی اور بڑی عوامی شناخت رکھنے والا شخص سیاست میں آنے کی کوشش کرے تو اسے پذیرائی نہیں ملتی۔ گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ عمران خان سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں تو بعض حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آتا ہے اور تنقید کے بجائے ذاتی حملے شروع ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایئرپورٹ واقعے پر اقرارالحسن کی حمایت کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی سے اہلکار کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمت، خاص طور پر وہ جو یونیفارم سے وابستہ ہو، ایک بھاری ذمہ داری عائد کرتی ہے، سرکاری نوکری میں رہتے ہوئے اور خاص طور پر عوام کی خدمت کے لیے مختص کاؤنٹر پر بیٹھ کر لوگوں کی تذلیل کرنا کسی صورت قبول نہیں ہے، یونیفارم ریاست کی علامت ہوتی ہے، جب کوئی اہلکار وردی پہن کر بدتمیزی کرتا ہے تو وہ صرف اپنی نہیں بلکہ پورے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے، اس طرح کے واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ عوامی مقامات پر تعینات اہلکاروں کی اخلاقی تربیت میں بڑی کمی ہے۔
