صوبے میں پیپلز ائیر ایمبولینس کا آغاز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے روشن وژن اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حیات خان اچکزئی رہنما پاکستان پی پی پی بلوچستان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما حیات خان اچکزئی نے اپنے بیان میں پیپلز ایئر ایمبولینس کو بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور انقلابی طبی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے روشن وژن اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کا جغرافیہ ایک چیلنج ہے جہاں طویل مسافتوں کی وجہ سے ایمرجنسی میں مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانا ناممکن ہو جاتا تھا۔ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس ان دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لیے پیغامِ زندگی ثابت ہوگی۔ اب کوئی بھی قیمتی جان صرف ہسپتال دور ہونے کی وجہ سے ضائع نہیں ہوگی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی اقدامات سے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا اور مکان کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے، اور یہ منصوبہ پارٹی منشور کی عملی تعبیر ہے۔
حیات خان اچکزئی نے واضح کیا کہ اس تاریخی منصوبے کا افتتاح خود چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، جو اس بات کا غماز ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت بلوچستان کے محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے میں کی جانے والی یہ اصلاحات صوبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہیں۔ پیپلز ایئر ایمبولینس محض ایک سہولت نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں کو دیا جانے والا وہ حق ہے جو برسوں سے ادھورا تھا۔
