پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کاماہانہ اجلاس ، تنظیمی سرگرمیوں، گزشتہ کارکردگی، آئندہ کے سیاسی لائحۂ عمل کا تفصیلی جائزہ
پارٹی کو مزید فعال، منظم اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک بنایا جائے گا۔ صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کاماہانہ اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز اور دیگر ذمہ دار رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنظیمی سرگرمیوں، گزشتہ کارکردگی، آئندہ کے سیاسی لائحۂ عمل اور اہم قومی و سیاسی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بالخصوص 10 مئی کو ممتاز قومی رہنما، دانشور، سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی ارواشاد عبدالرحیم خان مندوخیل کی 9ویں برسی کے سلسلے میں لیاقت پارک کوئٹہ میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسۂ عام کے انتظامات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ان کی ذمہ داریاں واضح طور پر مقرر کی گئیں، جبکہ جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے ایک جامع اور منظم حکمتِ عملی ترتیب دی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی گزشتہ تنظیمی، سیاسی اور عوامی سرگرمیوں پر مشتمل کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جسے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کو مزید فعال، منظم اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک بنایا جائے گا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں عوامی مسائل کے حل، سیاسی شعور کی بیداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے پارٹی کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے مرحوم رہنما اور ممتاز مدبر و سیاسی استاد ارواشاد عبدالرحیم خان مندوخیل کی سیاسی، قومی اور جمہوری جدوجہد پارٹی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی برسی محض ایک رسمی یا یادگاری تقریب نہیں بلکہ ان کے فکر، نظریے اور جدوجہد سے تجدیدِ عہد کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور تیاری کریں اور 10 مئی کو لیاقت پارک کوئٹہ میں منعقد ہونے والے جلسۂ عام میں بھرپور شرکت کر کے اپنی قومی وابستگی، سیاسی شعور اور تنظیمی قوت کا عملی مظاہرہ کریں۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں، یونٹوں اور علاقائی تنظیموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ برسی کے جلسۂ عام کی کامیابی کے لیے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائیں، گھر گھر اور گلی محلوں تک پارٹی پیغام پہنچائیں، کارکنوں اور ہمدردوں کی شرکت یقینی بنائیں اور اس قومی اجتماع کو تاریخی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں سوشل، تنظیمی اور عوامی سطح پر بھرپور تیاریوں پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنی قومی تحریک، جمہوری جدوجہد اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر منظم، فعال اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی، اور کسی بھی قسم کے حالات میں اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پارٹی قیادت نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل، قومی شناخت کے تحفظ اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی تاکہ ایک باوقار، باشعور اور منظم معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
